نئی دہلی،31؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس نے مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی)کی خصوصی عدالت کے حج بی ایچ لویا کی موت کی ازسرنو جانچ کا مطالبہ دوہراتے ہوئے آج کہاہے کہ اس سلسلہ میں جو حقائق سامنے آرہے ہیں ان کو دیکھتے ہوئے سپریم کورٹ کی نگرانی میں خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی)کے ذریعہ اس معاملہ کی منصفانہ جانچ کرانا ضروری ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر کپِل سبل نے آج یہاں پارٹی کی معمول کی پریس بریفنگ میں نامہ نگاروں سے کہا کہ سہراب الدین فرضی انکاؤنٹر معاملے کی سماعت کرنے والے سی بی آئی جج کی جن حالات میں موت ہوئی اور اس سلسلہ میں جو حقائق سامنے آرہے ہیں ، انہیں دیکھتے ہوئے اس کی جانچ ضروری ہے اور اس جانچ میں قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے) اور سی بی آئی کا کوئی بھی اہلکار شامل نہیں ہونا چاہئے ۔پریس کانفرنس میں کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سورجے والا نیز پارٹی کے لیگل سیل کے سربراہ وویک تنکھا بھی موجود تھے۔